ہنگو(مانند نیوز)موجودہ دور میں صحافیوں کو درپیش مسائل آزادانہ صحافت میں بڑی رکاوٹ ہیں،شہید مصری خان کی صحافت حقائق اور خدمت کی اعکاس تھی، خودداری اور شفافیت سے قلم اٹھانا بڑی عبادت ہے،ضلع ہنگو اور اورکزئی کے صحافیوں نے ہمیشہ علاقائی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ہے، ہفت روزہ ثابت قدم علاقائی مسائل اجاگر کرنے کا باعث بن رہا ہے ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی شاہ تراب خان،ڈسٹرکٹ پولیس افیسر محمد خالد خان، سینیئر صحافیوں طارق محمود مغل، اسرار احمد اورکزئی، شہید خان اورکزئی،عمر فاروق پراچہ، طفیل قریشی زاہد مصری خان،شکیل مصری خان، مسلم لیگ نون کے رہنماؤں سید جمال اورکزئی، خانزادہ سیف الرحمان خان بنگش، الیاس اورکزئی اور دیگر نے ممتاز صحافی شہید مصری خان کی یاد میں منقدہ تعزیتی ریفرنس اور ہفت روزہ ثابت قدم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد اصغر خان، اسسٹنٹ کمشنر نواب خان بنگش، سیاسی سماجی شخصیات، ماہرین تعلیم اور صحافیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی شاہ تراب خان ڈی پی او محمد خالد خان اور دیگر نے کہا کہ صاف ستھری اور حقائق سے ہم آہنگ تعمیری صحافت وقت کی ضرورت ہے، اور نئے صحافیوں کو شہید مصری خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ذمہ دارانہ، حقائق سے ہم اہنگ اور خدمت پر مبنی صحافت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔مقررین نے کہا کہ شہید مصری خان نے جرات مندانہ صحافت کی بنیاد ڈالی اور ہمیشہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قلم کو اٹھایا۔ایم پی اے شاہ تراب خان نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے ریاست, حکومت, سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کو ایک پیج پر انا ہوگا تاکہ مقامی صحافیوں کو جدید خطوط پر صحافتی ذمہ داریوں کی آنجام دہی کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی علاقائی مسائل کو اجاگر کریں اور مجھے خوشی ہے کہ ہنگو کے صحافیوں نے ہمیشہ مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور توانائیاں صرف کی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد خالد خان نے کہا کہ صحافت مقدس پیشہ ہے۔ جس میں ہمیشہ حقائق اور خبریت کو اہمیت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہنگو میں ذمہ دار صحافیوں کو دیکھا ہے جنہوں نے امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو اپنا شعار بنایا ہے۔ سینئر صحافیوں طارق محمود مغل اسرار احمد اور کزئی،شہید خان اورکزئی، طفیل قریشی عمر فاروق پراچہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بھی اپنے قلم کی حرمت کو برقرار رکھا ہے اور ہمارے لیے اپنے شعبے سے انصاف کرنا سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ صحافیوں نے کہا صحافیوں نے شہید مصری خان سیف الاسلام کا کاخیل صالح دین اور عظمت بنگش کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اعلی صحافی قدروں کے لیے خود کو دن رات مصروف رکھا لیکن اب وہ ہمارے درمیان موجود نہیں۔ تقریب سے خانزادہ سیف الرحمان خان بنگش، الیاس اورکزئی، سید جمال اور ممتاز ماہر تعلیم عقل بادشاہ،عامر مدثر آفریدی اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرات مردانہ صحافت مسائل کے حل کا باعث بنتی ہے اور شہید مصری خان ایک خوددار، غیرت مند اور معاملہ فہم صحافی تھے جن کے نقش قدم پر اج کے صحافیوں کو چل کر علاقے کی خدمت کرنی چاہیے۔ شہید مصری خان کے فرزند زاہد مصری خان اور شکیل مصری خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے والد نے علاقے کی اواز بن کر قوم کی خدمت کی اور انہیں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ثابت قدم کے ذریعے ہم علاقائی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایم پی اے شاہ تراب خان ڈی پی او محمد خالد خان اور دیگر نے ثابت قدم کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے