وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک بائی پاس پر ایک افسوسناک بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بندہ جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں سے ایک شدید زخمی بچے کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کر دیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت پیش آیا جب کل مکین میں جاں بحق ہونے والے افراد کے جنازے ادا کیے جا رہے تھے۔ جنازے کے اختتام کے فوراً بعد دھماکہ ہوا، جس سے جائے وقوعہ پر افراتفری پھیل گئی اور لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے۔ تحقیقاتی ادارے دھماکے کے محرکات اور ذمہ دار عناصر کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ علاقے میں موجود امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کرنے کی مذموم کوشش ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان دہشت گردی کے واقعات کا شکار رہنے والے حساس علاقوں میں سے ایک ہے، اور ایسے واقعات مقامی آبادی کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں۔