ملاکنڈ (مانند نیوز) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد ایاز اور ریجنل ڈائریکٹر نارتھ ارشد اقبال کی ہدایات پر ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے ضلعی دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان نے کی، جس میں سینئر افسران کے علاوہ ایمرجنسی آفیسرز، کنٹرول روم انچارج، سٹیشن ہاؤس انچارجز، شفٹ انچارجز، ایڈمن آفیسر، اکاؤنٹنٹ، اور ہیلتھ اسٹاف انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریسکیو سٹیشنوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے، اہلکاروں کی حاضری اور ڈسپلن، ایمرجنسی گاڑیوں کی حالت اور دیکھ بھال، ایمرجنسی مینجمنٹ پلان اور ایمبولینسز میں جان بچانے والی ادویات کی دستیابی پر بات چیت ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس بات پر زور دیا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ ریسکیو 1122 ایک پیشہ ور فورس ہے جو ہمیشہ عوام کی خدمت کے لیے تیار رہتی ہے۔ انہوں نے ایمرجنسی گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ میٹنگ ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔