وانا (مانند نیوز) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈپٹی رجسٹرار شفقت علی نے کمپلینٹ کلیکشن سینٹر وانا کا تین روزہ دورہ مکمل کر لیا۔ اس دوران عوامی شکایات کی سماعت اور ان کے فوری ازالے کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے۔ دورے کے دوران "پروگرام انصاف آپ کی دہلیز پر” کے تحت وفاقی اداروں کے خلاف درج کی گئی 179 شکایات کی سماعت کی گئی، جن میں سے اکثر پر موقع پر ہی ریلیف فراہم کیا گیا۔ غربت کی چکی میں پسے عوام نے بڑی تعداد میں اپنی شکایات پیش کیں، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔بڈپٹی رجسٹرار شفقت علی نے اس موقع پر کہا کہ سائلین کی دادرسی اور مقدمات کو جلد از جلد نمٹانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی اور ریجنل آفس ڈیرہ اسماعیل خان کے انچارج سنگ مرجان خان محسود کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وانا کمپلینٹ کلیکشن سینٹر کا تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور محنت سے انجام دے رہا ہے تاکہ سائلین کے مسائل کا فوری اور موثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ دورے کے دوران عوام نے ڈپٹی رجسٹرار کی کوششوں کو سراہا اور وفاقی محتسب کے اس اقدام کو غریب اور مستحق عوام کے لیے امید کی کرن قرار دیا۔