اورکزئی (مانند نیوز)حکومت خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئر اورکزئی ملک ساجد علی خان کی زیرصدارت گورنمنٹ ہائی سکول انڈخیل بالا، لوئر اورکزئی میں زراعت سے متعلق خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی محکموں کے نمائندوں اور علاقے کے کاشتکاروں اور مشران نے شرکت کی۔شرکاء نے زراعت سے متعلق درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے آرا ء اورتجاویز بھی پیش کیں۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرنے تمام متعلقہ محکموں کو اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں سے عہد ہ برآں ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے ذریعے یہاں کے کاشتکاروں کواپنے مسائل ومشکلات بآسانی متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں تک پہنچانے کابہترین ذریعہ ہے۔لہٰذا کاشتکاروں کو اس موقع سے بھرفائدہ اٹھانا چاہئے ۔اس موقع پر محکمہ زراعت شعبہ توسیع، ضلع اورکزئی کی جانب سے ان کے زیر انتظام فروٹ نرسری فارمز (کلایہ و ستوری خیل) سے پھلدار پودے سرکاری نرخ پر حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ زیتون کے پودوں کی بڑے پیمانے پر کاشتکاری کیلئے مفت حاصل کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔کھلی کچہر ی کے اغراض ومقاصدکے حوالے سے بات کرتے ہوئے اے اے سی نے کہا کہ کھلی کچہر ی میں ہونے والے فیصلوں پرعملدرآمد کاجائزہ لینے کیلئے 2 ہفتوں کے بعد متعلقہ محکموں کے ساتھ فالو اپ میٹنگ کاانعقاد کیا جائے گاتاکہ علاقے کے کاشتکاروں کو کھلی کچہری میں ہونے والے فیصلوں پرپیش رفت سے آگاہ کیاجاسکے۔