جنوبی وزیرستان (مانند نیوز) وانا یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین آدم خان وزیر کی قیادت میں صحافی برادری نے پیکا ایکٹ کے نفاذ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آدم خان وزیر نے کہا کہ حکومت پیکا ایکٹ جیسے متنازع اور سخت قوانین نافذ کرکے آزادی اظہارِ رائے کو محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن صحافی برادری کسی بھی صورت میں اپنے بنیادی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حق اور سچ کی آواز کو دبانے کے لیے صحافیوں پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، جھوٹے مقدمات بنائے گئے، اور انہیں مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے ہراساں کیا گیا، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ سچائی کو کبھی دبایا نہیں جا سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیکا ایکٹ جیسے قوانین صحافت کے بنیادی اصولوں اور جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔ صحافی برادری نے ہمیشہ عوامی حقوق کے دفاع میں قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی بھی جبر کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ آدم خان وزیر کا کہنا تھا کہ صحافی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر سکتے ہیں لیکن قلم کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔احتجاج میں مختلف صحافی تنظیموں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی، جنہوں نے آزادی اظہارِ رائے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔