ایبٹ آباد (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول اور شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی اور قیمتوں کے استحکام کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، لائیو اسٹاک، حلال فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ محکمے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کریں اور ریٹ لسٹ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے چکن کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت، زندہ چکن فروخت نہ کرنے کے رجحان، غیر معیاری گوشت کی فروخت، دودھ میں ملاوٹ اور ناقص دودھ کی فروخت پر خصوصی کاروائی کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دیں کہ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ارشد محمود، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں لبنی اقبال، ٹی ایم او ایبٹ آباد شکیل حیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا انجینئر ریحان یوسف، ایس ایس پی کینٹ سعید خان، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، ٹی ایم او حویلیاں، ٹی ایم او لورہ، ٹی ایم او لوئر تناول، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، نمائندہ انڈسٹریز، نمائندہ لیبر ڈیپارٹمنٹ، نمائندہ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی آئی ایم یو ایجوکیشن و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات کی روشنی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ ادارے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی کڑی نگرانی کریں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔