ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت تحصیل تخت نصرتی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اِس موقع پر انہوں نے بنیادی مرکز صحت خوجکی کا معائنہ کیا جہاں انچارج ہسپتال ہذا نے ڈپٹی کمشنر کو فراہم کی جانے والی عوامی خدمات، ہسپتال کے مسائل و دیگر امور کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر کرک نے انچارج ہسپتال کے ہمراہ ایمرجنسی و دیگر یونٹس کا جائزہ لیا اور انچارج ہسپتال کو عوامی خدمات میں بہتری لانے، ہسپتال کی صفائی اور سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر کرک نے چوکارہ، خوجکی کلہ اور تخت نصرتی کے پٹوارخانوں کا بھی دورہ کیا اور ریونیو امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے پٹوارخانوں میں آئے ہوئے لوگوں سے ان کے مسائل بھی دریافت کئے اور متعلقہ سرکل کے پٹواریوں کو ضروری ہدایات جاری کی۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کرک نے سی اینڈ ڈبلیو اور ریونیو سٹاف کے ہمراہ خدہ ٹو بوگارہ کے زیر تعمیر روڈ کا بھی دورہ کیا اور کام کا معیار چیک کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر اپنے پیغام میں ڈی سی کرک شکیل احمد جان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کار سرکار میں کسی بھی قسم کی غفلت پر کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔