جنوبی وزیرستان (مانند نیوز) لاہور میں منعقدہ پہچان پاکستان ادبی ایوارڈ 2025 کی پروقار اور شاندار تقریب میں وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز اور باصلاحیت صحافی عالم زیب وزیر کو ان کی گراں قدر صحافتی خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں ملک بھر کے معروف ادبی و صحافتی شخصیات نے شرکت کی، جہاں عالم زیب وزیر کو ملنے والا یہ اعزاز نہ صرف ان کی انفرادی کامیابی قرار دیا گیا بلکہ اسے پورے وزیرستان اور وہاں کے صحافتی برادری کے لیے ایک تاریخی سنگ میل تسلیم کیا گیا۔ عالم زیب وزیر نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ انتہائی مسرت اور فخر کا لمحہ ہے کہ وہ ایک پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود قومی سطح پر ایک اتنے بڑے اعزاز کے مستحق قرار پائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ صرف ان کی محنت کا اعتراف نہیں بلکہ ان تمام نوجوانوں کے لیے بھی ایک امید کی کرن ہے جو مشکل حالات کے باوجود آگے بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ عالم زیب وزیر نے اس کامیابی کو اپنے علاقے کے تمام اہلِ قلم اور صحافیوں کے لیے وقف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ثابت کرتا ہے کہ اگر لگن، ایمانداری اور سچائی کے ساتھ کام کیا جائے تو کسی بھی مشکل کو عبور کرنا ممکن ہے۔