کوہاٹ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“ کے تحت تحصیل گمبٹ میں ایس آر ایس پی پروگرام SRSP-GIZ-PLG کے تعاون سے خواتین کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال، ضلعی انتظامیہ اورلائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور خاتون کونسلروں سمیت مقامی خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔خواتین نے اپنے مسائل تفصیلاً بیان کئے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم اور چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں خواتین کے مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کیلئے ضلع کے دور دراز علاقوں میں عام کھلی کچہریوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی کھلی کچہریوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو اپنے مسائل کے حل کے سلسلے میں گھروں سے نکل کر دفاتر جانا انتہائی دشوار ہوتا ہے۔لہٰذا ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور منتخب مقامی قیادت کی ہدایات پر خواتین کی کھلی کچہریوں کے انعقاد کو اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خواتین کو صحت تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین تعلیم یافتہ ہوں وہ معاشرہ خودبخود ترقی کرتا ہے اس لئے ہمارا فوکس خواتین کی تعلیم پر ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کھلی کچہری میں اکثر مسائل موقع پر حل کر دیئے جبکہ باقی مسائل متعلقہ محکموں اور اداروں کو مقررہ ڈیڈلائن میں حل کرنے کیلئے بھجوا دیئے گئے۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ یہاں پر پیش کئے گئے تمام مسائل پر ضرور کارروائی ہوگی اور سائلین کو ان پر پیشرفت سے برابر آگاہ بھی رکھا جائے گا۔ اہلیان گمبٹ نے خواتین کیلئے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کا شکریہ ادا کیا۔