ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی ملاکنڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) ملاکنڈ، پلاننگ آفیسر ملاکنڈ اور دیگر کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع ملاکنڈ کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً بجلی سے متعلق اسکیموں، سلائی مشینوں اور کھیلوں کے سامان کی خریداری جیسے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے مذکورہ منصوبوں کا بغور جائزہ لیا اور ترقیاتی اسکیموں کو منظور کیا گیا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ حامد الرحمٰن نے میٹرک امتحانات کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے تحصیل درگئی میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سخاکوٹ اور آربٹ پبلک سکول سخاکوٹ کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی ہالز میں سیکیورٹی، نظم و ضبط اور دیگر انتظامی امور بالخصوص نگران عملے کی حاضری، امتحانی مواد کا تحفظ اور طلبہ کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی نقل یا بے ضابطگی کی ہرگز اجازت نہ دی جائے تاکہ امتحانات شفاف طریقے سے لئے جا سکیں اور نقل کی روک تھام ہو سکے۔