وانا (مانند نیوز) انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن جنوبی وزیرستان لوئر کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے حق میں ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے سامنے پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکاء نے زور دار نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں شخصیات کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ بے گناہ افراد کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اپنے رہنماؤں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر پرامن آواز بلند کرتی رہے گی۔