وانا (مانند نیوز) بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک منظم اور بامقصد ماس انرولمنٹ مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد علاقے میں تعلیمی شعور کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکول میں داخل کرانا تھا۔ اس مہم کے ذریعے والدین اور سرپرستوں کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا، تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔اس مہم میں مختلف تعلیمی اداروں، مقامی اساتذہ، سماجی کارکنان اور نوجوان رضاکاروں، اور سیاسی جماعتوں نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں تعلیم کی افادیت، معاشرتی ترقی میں اس کے کردار اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل پر روشنی ڈالی۔بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔ یہ تبھی ممکن ہے جب ہم انہیں علم کی روشنی سے آراستہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں، بلکہ یہ شعور، آگہی اور بہتر معاشرے کی ضمانت ہے۔ بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن اس مہم کو وقتی نہیں بنانا چاہتی، بلکہ اسے ایک مستقل سلسلہ بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ سالانہ بنیادوں پر انرولمنٹ ڈرائیوز، تعلیمی سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر ضلعی صدر امان اللہ خان وزیر نے کہا کہ بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن کی یہ مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت نیک ہو اور کوشش خالص ہو تو معاشرے میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ یہ مہم نہ صرف بچوں کو اسکولوں تک لائی بلکہ لوگوں کے دلوں میں تعلیم کی اہمیت راسخ کر گئی۔عوامی نیشنل پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے سینئر رہنما تاج وزیر نے کہا کہ تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں، یہ سوچ کی تبدیلی، شخصیت کی تعمیر، اور قوم کی ترقی کا ذریعہ ہے۔ آئیے، اس مشن کا حصہ بنیں۔جنوبی وزیرستان لوئر کے منتخب ایم این اے زبیر خان وزیر نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے۔ جب کسی خطے میں تعلیمی ادارے فعال ہوں، بچوں کے لیے اسکول کے دروازے کھلے ہوں، اور والدین اپنے بچوں کو تعلیم دینے کے لیے پرعزم ہوں، تو وہ معاشرہ ترقی کی طرف گامزن ہوتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت بدلون ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ماس انرولمنٹ مہم کا آغاز کیا۔ یہ مہم صرف ایک رسمی کارروائی نہیں، بلکہ ایک سماجی تحریک ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو یہ احساس دلایا جائے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور کسی بھی وجہ سے کوئی بچہ اس حق سے محروم نہ رہے۔