وانا (مانند نیوز ) پانچواں آل پاکستان ینگ مغل یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ وانا میں شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل میچ سکاوٹس گراؤنڈ وانا میں کھیلا گیا، جس میں درہ آدم خیل کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کی ملت چمن ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ملک بھر سے درجنوں ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی، جن میں خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کی نامور ٹیمیں نمایاں رہیں۔ ایونٹ کے دوران بہترین کھیل دیکھنے کو ملا، جس سے ہزاروں تماشائیوں نے بھرپور لطف اٹھایا اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ فائنل میچ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر محمد ناصر خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ میں نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔ ٹورنامنٹ کے سیکرٹری جلال الدین وزیر اور صدر عادل مغل خیل نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت منعقد کیا، جس کا مقصد نہ صرف کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا تھا بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا بھی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات علاقائی امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے عمائدین اور مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ اسپورٹس کے شائقین اور مقامی شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وانا میں اسپورٹس اسٹیڈیم کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن مناسب انفراسٹرکچر نہ ہونے کے باعث نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر منوا نہیں پاتے۔ فائنل میچ کے موقع پر وانا کے سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے ٹورنامنٹ انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ویلیج کونسل غلجہ کے چیئرمین احمد خان وزیر نے ایم این اے اور ایم پی اے سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور پر ایک معیاری اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے پاس صلاحیتیں تو ہیں، لیکن سہولیات نہ ہونے کے باعث وہ قومی سطح پر ابھرنے سے قاصر ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ تھیں۔ تاہم دوسری جانب ٹی ایم اے (تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن) کی ناقص کارکردگی پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ شہریوں کے مطابق ٹی ایم اے نے صفائی ستھرائی سمیت اپنی دیگر بنیادی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں، جس پر ڈپٹی کمشنر کو باقاعدہ تحریری شکایات بھی درج کرائی گئیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ ینگ مغل یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا ہے اور یہ علاقائی سطح پر کھیلوں کے فروغ کا ایک اہم اور مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ نوجوانوں کے لیے ایسے ایونٹس نہ صرف صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے