سوات (مانند نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی اولین ترجیح ہے، تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سوات میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ ضلع سوات، شانگلہ اور بونیر میں مجموعی طور پر 49 فیڈر متاثر ہوئے تھے جن میں سے 37 بحال کر دیے گئے ہیں، باقی فیڈرز کی بحالی پر کام دن رات جاری ہے۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ وہ خود اس لئے سوات آئے ہیں تاکہ بحالی کے کام کی نگرانی کریں اور یقینی بنایا جا سکے کہ عوام بجلی سے محروم نہ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان کوئی تفریق نہ ہو اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ نقصان سڑکوں کا ہوا ہے جس کی وجہ سے راشن پہنچانے میں دشواری پیش آرہی ہے، تاہم این ایچ اے تیزی سے بحالی کا عمل مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پورے ملک کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں، کیونکہ مشکل وقت میں سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔اویس لغاری نے بتایا کہ بجلی کے بلوں میں رعایت اور متاثرین کو ریلیف دینے کے حوالے سے رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی ہے جبکہ امیر مقام کے ذریعے خصوصی تجاویز بھی بھیجی گئی ہیں۔ ان کے مطابق وفاق این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے ذریعے عوام کو معاوضہ فراہم کر رہا ہے۔بریفنگ کے دوران وفاقی سیکرٹری برائے توانائی ڈاکٹر فخر عالم اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو اختر حمید بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ بجلی بحالی کے تمام کام تیز رفتاری سے جاری ہیں اور جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔