کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود نے کوہاٹ کے تحصیل درہ آدم خیل کے سول ہسپتال زرغون خیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادویات کی دستیابی، صفائی کے انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج معالجہ فراہم کیا جائے، عملہ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر آ سکیں۔ مزید براں، ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے پہلے روز پولیو ٹیموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رحیم اللہ محسود نے کہا کہ”ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر آنے والی نسل کو معذوری سے بچا سکتے ہیں۔“