پشاور (مانند نیوز)وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مردان کی بانی عنبرین خان ہوتی نے کہا ہے کہ ہمارا مشن صرف کاروباری خواتین کو آگے بڑھانا ہی نہیں بلکہ مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بونیر اور سوات کے ہزاروں خاندانوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، جہاں گھروں کے ساتھ ساتھ سکول اور ہسپتال بھی تباہ ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا چھوڑنا ظلم کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مردان متاثرہ علاقوں کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کررہی ہے۔ عنبرین خان ہوتی نے مخیر حضرات، بزنس کمیونٹی اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ مل کر ان خاندانوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ وہ دوبارہ ایک باوقار زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ وومن چیمبر کی خواتین ارکان اپنے وسائل کے مطابق متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچا رہی ہیں اور ہم سب کو مل کر ایک ایسا ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں مشکل وقت میں کوئی بھی اکیلا نہ ہو۔