پشاور (مانند نیوز) پشتو زبان کی ابھرتی ہوئی گلوکارہ صبا گل سواتی آج کل مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تیزی سے شہرت حاصل کر رہی ہیں۔ اپنی منفرد آواز، دُھنوں کے انتخاب اور جدید و روایتی انداز کے حسین امتزاج کی بدولت وہ موسیقی کے شائقین کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔صبا گل سواتی کا کہنا ہے کہ گلوکاری ان کا بچپن کا شوق تھا، جسے انہوں نے محنت اور لگن کے ساتھ حقیقت میں بدلا۔ وہ نہ صرف روایتی پشتو موسیقی کو جدید انداز میں پیش کر رہی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی ثقافت اور زبان سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔موسیقی سے محبت کرنے والے حلقے صبا گل کے فن کو سراہتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ان کے گانے پشتو موسیقی میں نئی جان ڈال رہے ہیں۔ پاکستان کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پشتون کمیونٹی بھی ان کی آواز کو بے حد پسند کر رہی ہے، جس کی وجہ سے ان کی شہرت دن بدن بڑھ رہی ہے۔صبا گل سواتی نے بتایا کہ وہ مستقبل میں پشتو موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں تاکہ دنیا کو یہ دکھایا جا سکے کہ پشتو زبان اور موسیقی کتنا وسیع اور خوبصورت ورثہ رکھتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ نوجوان گلوکاروں اور گلوکاراؤں کے لیے مثال قائم کرنا چاہتی ہیں کہ محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھا جائے تو کامیابی قدم چومتی ہے۔