وانا (مانند نیوز) صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے صحت کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے عوام میں سخت مایوسی کا سبب بن رہے ہیں۔ موصولہ تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کے باہر بڑے بڑے بینرز آویزاں ہیں جن پر تحریر ہے کہ صحت سب کے لیے اور ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں خوش آمدید۔ ان بینرز میں محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر میں مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے اعلانات درج ہیں، مگر مقامی عوام کے مطابق یہ تمام دعوے صرف کاغذی حد تک محدود ہیں۔علاقہ مکینوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا میں نہ تو بنیادی ادویات دستیاب ہیں اور نہ ہی انجیکشن، سیرنج اور دیگر لازمی طبی سامان موجود ہے۔ ان کے مطابق یہ ہسپتال صرف ایک خالی عمارت کی حیثیت رکھتا ہے جہاں مریضوں کو علاج کی سہولت کے بجائے مزید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ بھی پاکستان کے شہری ہیں اور ان کا حق ہے کہ بڑے شہروں کی طرز پر انہیں معیاری طبی سہولیات اور ماہر سرجنز مہیا کیے جائیں۔دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ شدید فنڈز کی کمی کے باعث مطلوبہ سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں، اور صوبائی حکومت کی جانب سے بروقت بجٹ نہ ملنے کے سبب مریضوں کو درپیش مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔مقامی عوام نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے فوری طور پر پورے کیے جائیں اور علاقے کے واحد مرکزی ہسپتال کو ادویات، جدید آلات اور ماہر طبی عملے سے لیس کیا جائے تاکہ شہریوں کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔