دیر لوئر(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر و چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی PRCS دیر لوئیر محمد عارف خان کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ دیر لوئر اور(PRCS) کے باہمی اشتراک سے غیر پھٹے بارودی مواد (UXO) اور دیگر دھماکہ خیز آلات کے خطرات سے متعلق ایک اہم آگاہی سیشن ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال بلامبٹ میں منعقد ہوا۔یہ سیشن اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر تیمرگرہ زید صافی کے زیر نگرانی منعقدہوا۔تقریب میں سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندے، اساتذہ، طلباء اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔مقررین نے شرکاء کو بتایا کہ اگر کسی جگہ مارٹر شیل، راکٹ، دستی بم، بارودی سرنگ یا کوئی مشکوک دھاتی شے نظر آئے تو اُسے ہاتھ نہ لگایا جائے بلکہ فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن، سیکیورٹی فورس یا ضلعی کنٹرول روم کو اطلاع دی جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر زید صافی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور UXO سے متعلق شعور بیدار کرنا ضلعی سیکیورٹی پلان کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایسی اشیاء کی پہچان، احتیاطی تدابیر اور بروقت رپورٹنگ کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل، طلباء، والدین اور اساتذہ کو اس حوالے سے آگاہ رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ بچوں کو خاص طور پر ایسے مقامات سے دور رکھنے کی تاکید کی گئی۔