ایبٹ آباد میں امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ — اجتماعات پر پابندی
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم نے انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی عمل کو شفاف اور پُرامن بنانے کے لیے ضلع بھر کے مخصوص امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت منعقدہ ایچ ایس ایس سی (حصہ دوم) سالانہ امتحانات مورخہ 21 اکتوبر 2025ء سے شروع ہو رہے ہیں، جن کے دوران امتحانی مراکز کے گرد دو سو گز کے احاطے میں عوامی اجتماعات، غیر متعلقہ افراد کی موجودگی اور ہجوم کی شکل میں کسی بھی قسم کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔یہ حکم نامہ 21 اکتوبر سے نافذالعمل ہوگا اور 21 نومبر 2025ء تک برقرار رہے گا۔پابندی کا اطلاق درج ذیل امتحانی مراکز کے گردونواح میں ہوگا:
1۔ ایف۔جی۔گرلز انٹر کالج، مری روڈ، ایبٹ آباد
2۔ آرمی برن ہال کالج فار بوائز، مانسہرہ روڈ، ایبٹ آباد کینٹ
3۔آرمی برن ہال کالج فار گرلز، ایبٹ آباد کینٹ
4۔ آرمی پبلک اسکول و کالج (ایف ایف سینٹر)، مری چوک، مانسہرہ روڈ، ایبٹ آباد
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ہدایت کی ہے کہ امتحانی مراکز کے اطراف امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل تعاون کریں۔ کسی بھی شخص کی جانب سے اس حکم کی خلاف ورزی تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قابلِ سزا جرم تصور کی جائے گی۔