پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں پیر کے روز یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ تا گورنر ہاؤس مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا. ریلی میں سابق صوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ، مقامی حریت رہنما، اراکین صوبائی اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، سرکاری حکام،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و جبر کی مذمت اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا. شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئ. میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور بنیادی حق، حقِ خود ارادیت دلوانے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔ ظلم و ستم کے اس طویل دور نے ان کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کیا بلکہ ان کے حوصلوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کی طرح سیاسی، سفارتی اور اخلاقی طور پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے. #