وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے لگاڈ کلے میں واقع مدرسہ غربیہ نجم المدارس میں ششماہی تقسیمِ انعامات کی ایک شاندار اور پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں مقامی علمائے کرام، علاقائی مشران، والدین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مدرسہ کے طلباء نے مختلف دینی و سماجی موضوعات پر پراثر تقاریر اور علمی گفتگو پیش کی۔ طلباء کی کارکردگی نے شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔اس موقع پر مولانا صابر اللہ وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ اتنے پسماندہ علاقے میں بھی ایسے ذہین، محنتی اور باصلاحیت طلباء موجود ہیں۔ اگر والدین اپنے بچوں کو دینی و عصری تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تو ہمارے علاقے کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو نوجوان نسل کو جہالت سے نکال کر ترقی اور شعور کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔مہتممِ مدرسہ نے اس موقع پر تمام مہمانوں اور والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نجم المدارس کا مقصد صرف دینی تعلیم نہیں بلکہ طلباء کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت بھی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی مدارس کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کے مواقع بھی فراہم کریں تاکہ وہ ایک مکمل اور باوقار شخصیت کے طور پر ابھریں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات، شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ شرکاء نے طلباء کے حوصلے، عزم اور محنت کو سراہا۔ تقریب ایک پُرمسرت ماحول میں دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔