پشاور(مانند نیوز)غیر سرکاری تنظیم زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کی انتظامیہ نے یتیم و لاچار بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو معاشرے میں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ اسی سلسلے میں بین ریان سلائی اینڈ ٹریننگ سینٹر کے زیر اہتمام بیوہ خواتین، یتیم اور مستحق بچیوں کے لیے فری چھ ماہ کے پیشہ ورانہ کورسز مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد سوسائٹی کے مرکزی دفتر میں کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی کارکن محمد عارف تھے، جنہوں نے کورس مکمل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین محمد پرویز نے کہا کہ سوسائٹی کا مقصد صرف امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ خواتین کو خود کفیل بنانا ہے تاکہ وہ معاشی طور پر مضبوط ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ کورس کے دوران خواتین کو سلائی، کٹنگ، دستکاری، پیٹرن سازی، لباس کی تیاری اور ٹیکسٹائل ڈیزائن جیسے جدید موضوعات پر عملی تربیت دی گئی، جس سے وہ اپنے گھروں میں روزگار کما سکیں گی۔شرکاء نے سوسائٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس پروگرام کو خواتین بااختیاری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔