وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر میں قائم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) وانا کے لیے صوبائی حکومت نے دو کوارٹرز کے فنڈز ریلیز کردیے ہیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر جان محمد نے منگل کے روز کانفرنس روم میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ فنڈز صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی تعاون سے جنوری سے جون تک کے مدت کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔ایم ایس ڈاکٹر جان محمد نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی سے ہسپتال کے انتظامی و مالی امور میں بہتری آئے گی اور عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔ ان کے مطابق، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا میں اس وقت تمام شعبہ جات بشمول ایمرجنسی، ڈائیلسز، سرجری، لیبارٹری، زچگی وارڈ، اور آئی سی یو مکمل طور پر فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے اور انہیں دستیاب وسائل کے مطابق بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر جان محمد نے کہا کہ شہریوں کی معلومات کے لیے یہ وضاحت ضروری ہے کہ اسپتال میں داخل مریضوں اور ایمرجنسی کیسز کے لیے تمام بنیادی اور ہنگامی ادویات فراہم کی جاتی ہیں، تاہم آؤٹ ڈور (او پی ڈی) کے مریضوں کے لیے ادویات کی فراہمی اسپتال کے قواعد و ضوابط میں شامل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر مریض یا ان کے لواحقین شکایت کرتے ہیں کہ اسپتال میں ادویات دستیاب نہیں، مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ بہت سے افراد گھر لے جانے کے لیے اضافی دوائیاں مانگتے ہیں، جو اسپتال کے اصولوں کے مطابق ممکن نہیں۔ایم ایس نے بتایا کہ فنڈز کی تاخیر اکثر اوقات ہسپتال کے انتظامی معاملات اور عملے کی کارکردگی پر اثر ڈالتی ہے، تاہم اب فنڈز کے اجراء کے بعد توقع ہے کہ مسائل میں واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کبھی کبھار چند مشکلات سامنے آتی ہیں، لیکن ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ ہر آنے والے مریض کو علاج کی بہترین سہولت فراہم کی جائے۔ڈاکٹر جان محمد نے مزید کہا کہ ہسپتال کا تمام اسٹاف، بشمول ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اور انتظامی عملہ، اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں صفائی، واٹر سپلائی اور 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی جیسے معاملات میں بہتری لانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری صوبائی حکومت اور میڈیکل ایمرجنسی ریزائلنس فاؤنڈیشن (MERF ) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اسی وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اسپتال انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور شکایات کی صورت میں براہِ راست متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ بروقت حل نکالا جا سکے۔آخر میں ایم ایس ڈاکٹر جان محمد نے امید ظاہر کی کہ اگر فنڈز کا تسلسل برقرار رہا تو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا کو نہ صرف جنوبی وزیرستان لوئر اور جنوبی وزیرستان اپر بلکہ پورے ڈویژن کے لیے ایک مثالی علاج گاہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاونت، عوام کے اعتماد، اور عملے کی محنت سے ہسپتال میں صحت کے معیار کو مزید بلند کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔