پشاور ( مانند نیوز ) پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن رجسٹرڈ (پیمسا) کے مرکزی و صوبائی آرگنائزر، مردان ڈویژن اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال مردان کے صدر عبیداللہ بلوچستان کے کامیاب تنظیمی دورے سے واپسی پر مردان پہنچے تو ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد امین، دیگر عہدیداران اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ارکان نے عبیداللہ کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان پر گل پاشی کی۔اس موقع پر حاجی محمد امین نے کہا کہ عبیداللہ نے بلوچستان میں پیرامیڈیکل کمیونٹی کی مضبوطی اور اتحاد کے لیے جس طرح کا کردار ادا کیا ہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔عبیداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے تنظیمی دورے کے دوران پیرامیڈیکس کے مسائل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم تجاویز مرتب کی گئی ہیں، جنہیں جلد مرکزی قیادت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف ملک بھر میں صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔