کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید مُعتصم بااللہ شاہ جو پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت انڈس ہائی وے کے مسائل و بہتری کیلئے سرکاری فوکل پرسن بھی ہیں، نے آج جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی احتشام خان اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ انڈس ہائی وے کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہائی وے پر اوورلوڈنگ، غلط سمت میں گاڑی چلانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا براہِ راست جائزہ لینا تھا۔ کمشنر کوہاٹ نے شاہراہ پر جاری مرمتی و تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو تعمیراتی معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کی ہدایت پر موقع پر ہی متعدد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں زائد وزن اٹھانے والے ٹرک اور مخالف سمت میں سفر کرنے والی گاڑیاں شامل تھیں۔ٹریفک پولیس نے موقع پر ڈرائیوروں کے چالان کئے اور انہیں قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی۔اس موقع پر کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ ”غلط سمت میں سفر کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔” انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور حضرات کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانے، اوورلوڈنگ سے اجتناب کرنے اور مقررہ ٹریفک لین کی پابندی کرنے کی تاکید کی تاکہ سڑک حادثات اور جان لیوا واقعات میں کمی لائی جا سکے۔ کمشنر مُعتصم بااللہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، خلاف ورزیوں کی روک تھام اور عوامی تحفظ کیلئے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی جاری رکھی جائے۔