پشاور( مانند نیوز) غیر سرکاری تنظیم مالک فاؤنڈیشن نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اپنے مشن کو مزید مضبوط بناتے ہوئے زاویکان انسٹیٹیوٹ کے ساتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس تاریخی معاہدے کا بنیادی مقصد ضلع مردان کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل مہارتوں سے لیس کرنا اور ان کے لیے بہتر تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنا ہے۔معاہدے کے تحت طلباء و طالبات کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ،ایمازون اور شاپیفائی،کمپیوٹر بیسڈ کورسز،دیگر جدید ٹیکنیکل اسکلز شعبوں میں معیاری تربیت فراہم کی جائے گی،اس موقع پر سکلز ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری مفتی قاسم ہاشمی نے زاویکان انسٹیٹیوٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ مالک فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری فواد انور بھی موجود تھے۔دونوں اداروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک مردان کے نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی نئی راہیں کھولے گا اور انہیں وہ جدید مہارتیں فراہم کرے گا جو ڈیجیٹل دور میں کامیابی کی کنجی سمجھی جاتی ہیں۔