ہنگو(مانند نیوز)ریجنل الیکشن کمشنر سید عابد حسین شاہ نے کہا ہے کہ ووٹ قوموں کی تقدیر بدلنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے، معاشرتی سدھار، جمہوری مضبوطی اور مثبت سیاسی تبدیلی کا راستہ عوام کے ووٹ سے ہی نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ووٹنگ کے عمل میں شامل کرنا نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ یہ ہماری سماجی، اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری بھی ہے، کیونکہ نصف آبادی کو قومی فیصلوں سے دور رکھ کر کسی بھی معاشرے کی ترقی ممکن نہیں۔وہ ہنگو میں منعقدہ "ووٹ کی افادیت اور عوامی آگاہی سیمینار” سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں ضلع ہنگو اور ضلع اورکزئی کے عمائدین، بلدیاتی نمائندے، محکمہ تعلیم کے افسران، اقلیتی رہنما، سماجی تنظیموں کے نمائندگان، خواتین، نوجوانوں اور خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی۔نادرا اور الیکشن کمیشن کے باہمی تعاون سے سہولتیں بڑھا رہے ہیں — ریجنل الیکشن کمشنر،سید عابد حسین شاہ نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹ کے حق کو یقینی بنانے کے لیے نادرا اور الیکشن کمیشن باہمی تعاون سے ڈیٹا کے درست اندراج، پتے کی تبدیلی اور ووٹر فہرستوں کی بہتری کے عمل کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے اندراج سے متعلق سہولیات تک عوام کی رسائی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آگاہی مہمات بھی ضروری ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری جمہوری نظام میں اپنا کردار ادا کریں۔اپنے خطاب میں انہوں نے صحافیوں، کمیونٹی رہنماؤں، اساتذہ اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے، خواتین، نوجوانوں اور اقلیتی برادری کو ووٹ رجسٹریشن کی ترغیب دینے اور جمہوری شعور بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔