وانا (مانند نیوز) بنوں میران شاہ روڈ پر گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی وزیر کی نمازِ جنازہ بدھ کے روز ان کے آبائی گاؤں غواہ خواہ، وانا میں انتہائی رقت آمیز ماحول میں ادا کر دی گئی۔ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے مرکزی شہر وانا میں منعقدہ نمازِ جنازہ میں قبائلی عمائدین، علما کرام، سرکاری افسران، سماجی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہزاروں سوگواروں نے شہید افسر کو آنسوؤں اور دعاؤں کے ساتھ آخری سلام پیش کیا۔نمازِ جنازہ کے بعد شہید اسسٹنٹ کمشنر کو آبائی قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہادت کے اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے، کیونکہ شہید افسر اپنے پس ماندگان میں ایک بیوہ اور چار سالہ اکلوتے بیٹے کو چھوڑ گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میران شاہ روڈ پر فائرنگ کے ایک بہیمانہ واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی وزیر، دو پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر شہید ہوئے تھے، جبکہ تین پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے نے پورے خطے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔آخر میں شہید افسر اور دیگر شہدا کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔ عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔