کرم (مانندنیوز)حکومتِ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت ڈپٹی کمشنر ضلع کرم اشفاق خان کے احکامات کی روشنی میں سنٹرل اور لوئر کرم میں عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے مختلف عوام دوست پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سنٹرل کرم صاحبزادہ عقیل جاوید کی سربراہی میں صدہ جرگہ ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر مسائل کے حل کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر علیشیرزئی اور زیمشت کے علماء، مشران، نوجوان اور طلباء نے انتظامیہ کو اپنے مسائل پیش کئے۔اسسٹنٹ کمشنر نے متعدد مسائل موقع پر ہی حل کئے جبکہ باقی شکایات متعلقہ محکموں کو مزید کارروائی کیلئے ارسال کر دی گئیں۔ اسی تسلسل میں ضلعی انتظامیہ نے ”گڈ گورننس“ اور عوام دوست اقدامات کے تحت اوپن ڈور پالیسی جاری رکھتے ہوئے شہریوں کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر تک روزانہ کی بنیاد پر براہِ راست رسائی ممکن بنا دی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سنٹرل کرم سے علماء، مشران، نوجوانان اور طلباء نے ملاقات کی اور اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں، اسسٹنٹ کمشنر لوئر کرم عصمت اللہ شنواری کی سربراہی میں رمکی کلے میں ریونیو دربار منعقد ہوا۔ دربار میں عوام کے زمین سے متعلق مسائل سنے گئے، جن میں فردات، ڈومیسائل، ریکارڈ درستگی، اندراج اور انتقالات کی تصدیق شامل تھی۔موقع پر موجود ریونیو عملے کو تمام معاملات فوری حل کرنے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ ضلع کرم نے کہا کہ یہ تمام پروگرام حکومت کی اس پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد عوامی مشکلات کا فوری، شفاف اور باوقار حل یقینی بنانا ہے۔