اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کوکاروبار کے آغاز سے ہی بھرپور تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار کی بلند سطح عبور کرگیا۔
اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی جارہی ہے جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریاں شامل تھیں۔ ایچ بی ایل، پی پی ایل، پی او ایل، اوجی ڈی سی، ماری، حبکو، اور یوبی ایل مثبت زون میں دکھائی دیے۔
ماہرین نے اس مثبت رجحان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ کی منظوری سے منسوب کیا، جس کے باعث ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت پاکستان کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر جاری ہونے کی راہ ہموار ہوئی۔
یاد رہے کہ منگل کو اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان غالب رہا جہاں سرمایہ کاروں نے بڑے شعبوں میں نئی پوزیشنز بنائیں جس سے مجموعی مارکیٹ سرگرمی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ بینچ مارک انڈیکس تیزی کے ساتھ 1,153.14 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ میں پہلی بار 169,456.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی سطح پر بدھ کو ایشیائی حصص اور وال اسٹریٹ فیوچرز میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ منقسم فیڈرل ریزرو پالیسی بورڈ کے فیصلوں کا اہم وقت قریب آتا جا رہا تھا جبکہ اے آئی شعبے میں کمپنیوں کے مالی نتائج غیر معمولی بلند قدر (ویلویشنز) کو آزمائش میں ڈالنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
فیڈرل ریزرو کے فیصلوں کے باعث بیشتر اثاثے جمود کا شکار رہے تاہم جاپانی ین میں اچانک شدید گراوٹ اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل تیز رفتار اضافے نے توجہ حاصل کی، جہاں دونوں نے نئی ریکارڈ سطح چھولیں۔
کم از کم فیوچرز مارکیٹ کو یقین ہے کہ فیڈرل ریزرو معیاری شرح سود میں ایک چوتھائی فیصد کمی کرکے اسے 3.50 سے 3.75 فیصد تک لے آئے گا، اور اس امکان کو 89 فیصد کے طور پر قیمتوں میں شامل کیا جا چکا ہے۔
آئندہ سال شرح سود میں ایک، دو یا مزید/کوئی کمی نہ ہونے سے متعلق فیڈرل ریزرو اراکین کی “ڈاٹ پلاٹ” پیش گوئیوں کی تعداد فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ ماہرین کا یہ بھی خیال ہے کہ 12 ووٹنگ اراکین میں سے کم از کم دو افراد نرمی (شرح سود میں کمی) کی مخالفت کر سکتے ہیں، جس سے چیئرمین جیروم پاول کو مشکل صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ایم ایس سی آئی کے جاپان کے علاوہ ایشیا پیسفک کے وسیع ترین انڈیکس میں 0.1 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی جبکہ چین کے بلیوچپ حصص میں ملے جلے افراطِ زر کے اعداد و شمار کے بعد 0.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے