پشاور( ) انجمن نانبائیان ایسوسی ایشن مردان کے انتخابات کامیابی سے مکمل ہو گئے، جس میں گوہر علی کو متفقہ طور پر صدر جبکہ عبدالر حمان کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز انجمن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق عہدیداران حیدر گل، اعجاز اور بلال خان سمیت دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں انجمن کی کارکردگی، نانبائی برادری کو درپیش مسائل، آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، اور نانبائیوں کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی قیادت نانبائیوں کے مسائل حل کرنے، حکومتی اداروں سے مؤثر رابطہ بڑھانے اور انجمن کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔متفقہ فیصلے کے تحت انجمن نانبائیان ایسوسی ایشن مردان کے لیے محمد زبیر کو سرپرستِ اعلیٰ، عبدالسلام کو چیئرمین، گوہر علی کو صدر، سیف الر حمان کو سینئر نائب صدر، عبدالر حمان کو جنرل سیکرٹری، محمد الر حمان کو فنانس سیکرٹری، شہزاد کو رابطہ سیکرٹری جبکہ محمد اقبال کو پریس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔نومنتخب عہدیداران نے اس اعتماد پر انجمن کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نانبائی برادری کے مفادات کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے شب و روز محنت کریں گے۔