پشاور( ) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کا سالانہ مرکزی اجتماعِ ارکان و امیدواران 24، 25 اور 26 جنوری کو المرکزی اسلامی پشاور میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے اراکین نے شرکت کی۔ اجتماع میں آئندہ تنظیمی سیشن 2026ء تا 2027ء کے لیے حافظ اعجاز الحق کو منتظمِ اعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔ نو منتخب منتظمِ اعلیٰ حافظ اعجاز الحق کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال کے علاقے تیریچ سے ہے، جو دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں شمار ہونے والی تیریچ میر کی وجہ سے معروف ہے۔ وہ پانچ بھائیوں اور دو بہنوں میں سب سے بڑے ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم تیسری جماعت تک اپنے آبائی گاؤں چترال میں حاصل کی، بعد ازاں کراچی میں اپنی پھوپھی کے ہاں قیام کے دوران ایک مدرسے سے حفظِ قرآن مکمل کیا۔ پھر جامعہ دارالعلوم کراچی سے چھٹی جماعت سے میٹرک تک تعلیم حاصل کی۔ درسِ نظامی کا مکمل کورس جامعہ حنیفیہ ملیر کراچی سے کیا، جبکہ مرکزِ تعلیم و تحقیق اسلام آباد سے تخصص فی الفقہ والافتاء کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ لیڈز یونیورسٹی لاہور سے ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں حافظ اعجاز الحق نے 2014ء میں رفاقت کے ذریعے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تنظیمی سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کراچی ضلع شرقی میں امینِ ضلع اور بعد ازاں منتظمِ ضلع کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس کے بعد کراچی میں معاون بزمِ قرآن، صوبہ سندھ میں معاون امینِ صوبہ اور دو سال تک منتظمِ کراچی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔2021ء میں فراغت کے بعد ان کی مرکز میں منتقلی ہوئی، جہاں انہوں نے دو سال معاون امینِ عام اور تین سال امینِ عام کی ذمہ داریاں ادا کیں۔ وہ چھ سال تک مرکزی شوریٰ کے رکن بھی رہے۔ مرکزی اجتماع کے دوسرے روز اراکینِ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نے نئے سیشن 2026ء تا 2027ء کے لیے حافظ اعجاز الحق کو منتظمِ اعلیٰ منتخب کر کے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔