لوئردیر (مانند نیوز ڈیسک) تحصیل ثمرباغ میں سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی ڈکیتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں مسروقہ سونا اور نقدی رقم برآمد کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، 27ویں رمضان المبارک کی شب ثمرباغ جیولرز مارکیٹ میں عمر حیات نامی دکاندار کی دکان کو نامعلوم چوروں نے نشانہ بنایا۔ ملزمان رات کی تاریکی میں دکان کے تالے توڑ کر تقریباً بیس تولے سے زائد سونا اور لاکھوں روپے نقدی لے اُڑے۔ واقعہ کے بعد تھانہ ثمرباغ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ پولیس نے جدید اور خفیہ ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گزشتہ روز ایک اہم کامیابی حاصل کی اور کیس میں ملوث ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے مسروقہ سونا بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور جلد مزید پیش رفت متوقع ہے۔
دریں اثناء، انجمن تاجران ثمرباغ کے رہنماؤں ڈاکٹر سربلند خان، دوستی رحمان، سلیم خان، بخت زواللہ خان، حاجی طوطی رحمان اور دیگر تاجروں نے تھانہ ثمرباغ کا دورہ کیا اور کیس میں مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او ابرار خان اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ تاجروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے تاکہ ثمرباغ کو جرائم سے پاک اور ایک پرامن تحصیل بنایا جا سکے۔