مردان: دو فریقین کے درمیان صلح، مقامی قیادت کی کاوشیں رنگ لے آئیں
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی مردان تحصیل اربن کے صدر ملک الیاس نے کہا ہے کہ دو افراد یا فریقین کے درمیان صلح کرانا نہ صرف ایک سماجی خدمت ہے بلکہ ایک عظیم کارِ ثواب بھی ہے، جس سے معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائبرہوڈ کونسل بغدادہ (ون) مردان میں دو فریقین کے درمیان ہونے والے راضی نامہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تنازعات اور اختلافات معاشرے کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم ان کا پرامن حل ہی ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔ مقامی عمائدین اور رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے معاملات میں مثبت کردار ادا کریں اور لوگوں کو صلح و صفائی کی جانب راغب کریں۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما جان محمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے صلح کے عمل کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف باہمی اختلافات ختم ہوتے ہیں بلکہ معاشرتی استحکام بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی انا کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔تقریب میں مقامی عمائدین، سماجی شخصیات اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دونوں فریقین کے درمیان صلح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو علاقے میں امن کے قیام کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔