0

مردان:تعلیم و تربیت کے فروغ میں فلاحی اداروں کا کردار کلیدی ہے، اسد شمشیر عمرزئی

پشاور(مانند) وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر انجینئر اسد شمشیر عمرزئی نے الاصلاح سنٹر مردان کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی جاری تعلیمی، تربیتی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر الاصلاح سنٹر کے چیئرمین عنایت الرحمن نے معزز مہمان کو ادارے کی جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت، کردار سازی اور انہیں ایک روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور مختلف فلاحی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا، جو معاشرے کے محروم طبقات کی بہتری کے لیے جاری ہیں۔دورے کے دوران معروف بزنس مین ڈاکٹر ذیشان علی، ڈاکٹر عابد علی اور بشیر احمد خان بھی موجود تھے۔ انجینئر اسد شمشیر عمرزئی نے سنٹر میں زیر تعلیم بچوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی تعلیمی و تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے الاصلاح سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی ادارے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور نوجوان نسل کی مثبت رہنمائی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور تربیت کے ذریعے ہی ایک مضبوط اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔انجینئر اسد شمشیر عمرزئی نے ادارے کے بچوں اور منتظمین کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت بھی دی، تاکہ انہیں مزید مواقع اور exposure فراہم کیا جا سکے۔آخر میں الاصلاح سنٹر کی انتظامیہ نے معزز مہمانوں کی آمد پر دلی شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے دورے جاری رہیں گے، جو بچوں کی حوصلہ افزائی اور ادارے کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں