0

خیبر پختونخوا میں 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں،صاحبزادہ وسیم حیدر

پشاور (مانند نیوز)ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ تعلیم حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں، جبکہ تعلیمی شعبہ ملک کا سب سے کمزور سیکٹر ہے جس پر بارہا کٹ لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تعلیمی بجٹ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔ 2026 کی اکنامک سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان اپنے جی ڈی پی کا صرف صفر اعشاریہ آٹھ فیصد (0.8%) تعلیم پر خرچ کر رہا ہے، جو کہ کھلی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے اور فیسوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی فیسیں بھی نجی یونیورسٹیوں کے برابر ہو چکی ہیں۔ اس صورتحال میں غریب کے لیے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنا مشکل ترین ہو گیا ہے اور ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام سوات سنگوٹہ میں منعقدہ لیڈر شپ کیمپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ تعلیمی استحصال کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ آج پاکستان کے تعلیمی ادارے نجکاری، کرپشن اور مالی بحران کا شکار ہیں، لہٰذا عوام میں تعلیمی مسائل کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ حکمران اشرافیہ نہیں چاہتی کہ نچلی سطح سے باصلاحیت قیادت ابھر کر سامنے آئے، اس لیے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو اسلامی جمعیت طلبہ کی دعوت سے روشناس کرایا جائے۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ جامعہ پشاور کے اساتذہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تیسرے دور کے باوجود تعلیمی بہتری کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک کے طلبہ کی سب سے بڑی تنظیم ہے، تاہم آج کا نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے شدید مایوسی کا شکار ہے، جس میں حکومتی پالیسیوں نے مزید اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی ناگزیر ہے، کیونکہ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے طلبہ اپنے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، لہٰذا ان پر سرمایہ کاری اور خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں