سخاکوٹ(مانند نیوز) درگئی میں اسسٹنٹ کمشنر ریاض محسود کی نگرانی میں معرکہ حق بنیان مرصوص کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر طارق عزیز، تحصیلدار فضل ہادی، تحصیل مونسپل آفیسر اورنگزیب خان، جے یوآئی ضلع ملاکنڈ کے جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر، مختلف تھانوں کے پوسٹ کمانڈرزشہاب الدین، مسلم خان، صابررحمان، شمس العارفین،نہارگل،درگئی پریس کلب صدر ظاہرشاہ، بلدیاتی نمائندگا ن ساجد حسین مشوانی، فرید خان، علماء کرام، ریسکیو اہلکاروں، میڈیانمائندگان، سول سوسائٹی سمیت ہرمکتب فکر کے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اور بینرز اٹھائے تھے اور ملک و پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے اسسٹنٹ کمشنر ریاض محسود نے پاک فوج کی بہادری، قربانیوں اور ملکی دفاع کے لئے پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپریشن معرکہ حق بنیان مرصوص میں پاک فوج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان قوم اور سرکاری ادارے ملک کی سلامتی اور بقاء کے لئے یکجا ہیں معرکہ حق میں شاندار فتح پر پاک فوج کی قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے، تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی اور وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ پاکستان کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔