پشاور(مانند نیوز) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ ضلع مردان کے امیر مولانا بلال باچہ نے مسجد قبا، فقیر بن نیو بغدادہ مردان میں منعقدہ سالانہ ختم القرآن کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس معاشرے کی اصلاح، نوجوان نسل کی کردار سازی اور اسلامی اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔تقریب سے مدرسہ قبا کے مہتمم مولانا ارشد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے ختم القرآن مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرنا بہت بڑی سعادت ہے اور اس پر استقامت اختیار کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔تقریب کے اختتام پر ختم القرآن مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات اور شعبہ ناظرہ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر اساتذہ، والدین، معززینِ علاقہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی۔