اسلام آباد (مانند نیوز) معروف بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بدنامِ زمانہ بھارتی گینگ لارنس بشنوئی کی جانب سے مبینہ دھمکی دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک پوسٹ میں گینگ سے وابستہ بتائے جانے والے آرزو بشنوئی اور ٹائسن بشنوئی نے عامر خان پر مبینہ طور پر ’لَو جہاد‘ کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر خان ایسے نظریات کی حمایت کر رہے ہیں جو ہماری ثقافت اور مذہبی اقدار کے خلاف ہیں اور عامر خان کو اس کے نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں تاہم اس پوسٹ کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
پوسٹ میں راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر میں ایک 13 سالہ لڑکی کے مبینہ اغواء اور زیادتی کے واقعے کا بھی ذکر کیا گیا، پوسٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کسی شخص نے بھی ملزم کو قانون سے بچانے کی کوشش کی تو گینگ خود کارروائی کرے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی پولیس کو فیس بک پوسٹ اور ایک وائس نوٹ کے ذریعے اس مبینہ دھمکی کی اطلاع ملی ہے جس کی جانچ جاری ہے، ابھی تک عامر خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کروائی گئی۔
واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ ماضی میں سلمان خان کو بھی متعدد بار دھمکیاں دے چکا ہے۔
گینگ نے 2024ء میں سلمان خان کی ممبئی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی ذمے داری بھی قبول کی تھی۔
گینگ کا مؤقف ہے کہ وہ 1998ء کے مبینہ کالے ہرن شکار کیس کے باعث سلمان خان کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔