کراچی (مانند نیوز) میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گیا، جو اپنے مقرر کردہ راستوں سے گزرے گا۔

جلوس کے شرکا نے امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ایم جناح روڈ پر نمازظہرین ادا کی۔

جلوس کے آغاز سے قبل نشتر پارک میں مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا۔

کراچی میں چہلمِ حضرت امام حسینؓ کے جلوس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ کی جانب آنے والے مختلف راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کیا گیا ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جو جلوس کے آغاز سے اختتام تک سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی اور ٹریفک سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے نمائش چورنگی پر جلوس کی گزرگاہوں کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ ایس ایس پی ایسٹ، ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک بھی موجود تھے۔

لاہور میں مرکزی جلوسِ چہلم برآمد

لاہور میں حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کے چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ اندرونِ دہلی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جو روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

چہلم کا مرکزی جلوس مسجد وزیر خان، چوہٹہ مفتی باقر، موچی گیٹ، رنگ محل اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔

مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 10 ہزارسے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کے راستے پر گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاریں اور بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

جلوس کے روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔

 پنجاب بھر میں 43 اسمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے جلوسوں کی نگرانی جاری کی جا رہی ہے، لاہور میں جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات پر 800 سے زائد کیمروں سے سرویلنس کی جا رہی ہے۔

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق حساس مقامات اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے اضافی پورٹیبل اسمارٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 44 مجالس اور 17 جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہیں۔

راولپنڈی میں بھی مرکزی جلوس برآمد

راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا۔

کوئٹہ میں چہلمِ شہدائے کربلا کے جلوس

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کی یاد میں چہلم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل کے مطابق کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کے جلوس کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے لیے 17 سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

شہر میں شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے 2 مقامات سے جلوس برآمد ہوئے، چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ جبکہ دوسرا جلوس ہزارہ ٹاؤن سے برآمد ہوا۔

ہزارہ ٹاؤن میں جلوس 11 بجے دن امام بار گاہ ولی عصر سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نمازِ مغرب کے قریب اختتام پذیر ہو گا۔

شہدائے کربلا کےچہلم کی یاد میں علم اور تعزیوں کا مرکزی جلوس علمدار روڈ پر رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد ہوا، جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق ہزارہ کر رہے ہیں، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت بہشتِ زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہو گا۔

پولیس حکام کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ہزارہ ٹاؤن میں جلوس کے روٹس سیل کر دیے گئے ہیں، پولیس اور ایف سی اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ جلوس کے روٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کے راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، کوئٹہ میں اس موقع پر پولیس کے علاوہ ایف سی بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے، جلوسوں کے اطراف کے روٹس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی اور 8 مقامات پر کوئیک رسپانس فورس بھی تعینات ہو گی۔

شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے