پشاور (مانند نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان، سفیرِ امن مولانا عبدالخبیر آزاد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ناروے کے ڈاکٹر لیف ہیتلینڈ اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، امن اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے مولانا عبدالخبیر آزاد کی مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور دنیا بھر میں قیامِ امن کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کو امن اور استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ تنازع کے دوران پاکستان نے مؤثر سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ پاکستان کا یہ کردار اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں اور ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل، سستی بجلی، گیس، معدنیات اور مذہبی سیاحت کے حوالے سے بے پناہ صلاحیتوں کا حامل صوبہ ہے۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر لیف ہیتلینڈ کو یادگاری تحفہ پیش کیا، جبکہ مہمان نے گورنر کو اپنی کتاب پیش کی۔ #