وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر کے مرکزی شہر وانا میں عمران خان کی رہائی، وزیرستان امن کنونشن، پائیدار امن اور جمہوری جدوجہد کے حوالے سے انصاف یوتھ ونگ کے زیرِ اہتمام گرینڈ کنونشن منعقد ہوا، جس میں انصاف یوتھ ونگ کی مرکزی، صوبائی اور جنوبی اضلاع کی قیادت سمیت پاکستان تحریکِ انصاف کے سینکڑوں کارکنوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔کنونشن میں انصاف یوتھ ونگ ساؤتھ ریجن کے صدر عبدالوسع محسود، صوبائی صدر کاشف کمال، صوبائی جنرل سیکرٹری آصف بنگش، مرکزی جنرل سیکرٹری مبشر عباسی، رکن قومی اسمبلی زبیر خان وزیر، رکن صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر اور سینیٹر خرم ذیشان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ گرینڈ کنونشن کا مقصد نوجوانوں کو منظم اور متحرک کرنا، انہیں سیاسی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا اور عمران خان کی رہائی سمیت ملک میں امن، انصاف اور جمہوری اقدار کے لیے جاری جدوجہد کو مزید آگے بڑھانا ہے۔مقررین نے کہا کہ نوجوان عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے بڑے سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت، سیاسی استحکام اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عوامی مینڈیٹ کا احترام ضروری ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی ایسے کسی سیاسی بندوبست کا حصہ نہیں بنے گی جسے حقیقی عوامی مینڈیٹ حاصل نہ ہو۔خطاب کے دوران خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ عوام بدامنی اور انتشار کے بجائے امن، انصاف اور سیاسی استحکام چاہتے ہیں، اس لیے حکومت کو عوامی مطالبات اور بنیادی حقوق کو ترجیح دینی چاہیے۔مقررین نے جنوبی وزیرستان میں مختلف مقامات پر قائم ڈی ورژن اور رکاوٹوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے نومنتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے ایوانوں میں جنوبی وزیرستان کے عوام کی آواز مؤثر انداز میں اٹھائیں اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔رہنماؤں نے عمران خان کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوجی آپریشنز کے بجائے امن اور سیاسی حل کو ترجیح دی، اسی لیے انہیں امن کے داعی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ وزیرستان سمیت خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مقامی آبادی کی آواز اور رائے کو اہمیت دینا ضروری ہے۔مقررین نے کہا کہ سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کو ماضی کے سانحات سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ان کے بقول جنگیں قومی مفاد، عوام کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے ہونی چاہئیں، نہ کہ معدنی وسائل یا دیگر مفادات کے حصول کے لیے۔کنونشن کے شرکاء نے عمران خان کی رہائی کے لیے بھرپور اور آئینی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر کارکنوں نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے، جس سے کنونشن کا ماحول جوش و خروش سے بھر گیا۔ مقررین نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا اور جنوبی وزیرستان لوئر سے بھی کارکن بڑی تعداد میں اس احتجاج میں شرکت کریں گے۔انصاف یوتھ ونگ کے رہنماؤں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی و جمہوری سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں اور منظم انداز میں اپنی آواز بلند کریں۔ کنونشن کے اختتام پر ملک میں امن، انصاف، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے