پشاور :خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر رقیہ نواز خان کو محکمہ خوراک و عوامی صحت کے شعبے میں بہترین کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں خیبر پختونخوا ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔اس سلسلے میں گزشتہ روز نشتر ہال پشاور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں فن و ثقافت، ادب، کھیل، سماجی خدمات، وکالت، صحت اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ان کی کارکردگی کے اعتراف میں خیبر پختونخوا ایوارڈز دیے گئے۔تقریب میں خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر رقیہ نواز خان کو بھی بہترین کارکردگی پر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ سابق صوبائی وزیر ثقافت میاں افتخار حسین نے انہیں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں خیبر پختونخوا ایوارڈ پیش کیا۔رقیہ نواز خان کو ایوارڈ ملنے پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی فوڈ سیفٹی اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے سے انجام دیتی رہیں گی۔