بٹ خیلہ (مانند نیوز ڈیسک) ملاکنڈ قومی محاذ اور مسلم لیگ (ق) نے نئے ہسپتال کے قیام کیلئے آلہ ڈھنڈ کی زرعی زمین کے انتخاب اور اس پر سیکشن فورکو مسترد کردیا ہے وزیر اعلیٰ و عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کسی بنجر اور بے کار زمین پر تعمیرکیا جائے تا کہ سینکڑوں زمینداروں وکسانوں کا مستقبل محفوظ ہوسکے محاذ اور (ق)لیگ ملاکنڈ ڈویژن کے صدر گل زمین نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹس ہسپتال ایک اہم اور بڑا منصوبہ ہے جس پر صوبائی حکومت کے شکر گزار ہیں تاہم زرعی زمین پرکسی بھی ترقیاتی منصوبے کی تعمیر کے خلاف ہیں جبکہ حکومت بھی زیر کاشت رقبے کا تحفظ چاہتی ہے انھوں نے کہا کہ نئے سرکاری ہسپتال کیلئے مجوزہ زرعی زمین سے سینکڑوں زمینداروں اورکسانوں کا روزگار وابستہ ہے اسلئے ملاکنڈ انتظامیہ فوری طور پر یہاں پر لگایا گیا سیکشن فور واپس لے کر متاثرین کی بے چینی وتشو یش کا خاتمہ کرے انھوں نے کہا کہ آلہ ڈھنڈ اور گرد ونواح میں کئی ایسی بنجر اور بے کار پڑی زمینیں موجود ہیں جو کہ ہسپتال کی تعمیرکیلئے انتہائی موزوں ہے انھوں نے وزیر اعلیٰ محمود خان صوبائی وزیر شکیل احمد اور ایم این اے جنید اکبر سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کیلئے مجوزہ زرعی زمین کی بجائے کسی بنجر بے کار زمین کا انتخاب کیا جائے۔