سوات (مانند نیوز ڈیسک) سوات کے علاقہ کالام میں جائیداد کے تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ 20 کے قریب دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ علاقہ میں حالات تاحال کشیدہ ہیں اور پولیس ا بھی تک دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑے کو رکوانے میں ناکام ہے۔ دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا شاملات کی زمین کے معاملہ پر ہوا۔ جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال کالام اور مدین منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے چار افراد کا ایک قبیلہ جبکہ ایک کا دوسرے قبیلے سے ہے،پولیس کو مسلسل فائرنگ کے وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔ کالام کے بہت سے لوگ اتروڑ کے سیاحتی علاقوں میں اور اتروڑ کے افراد کالام کے علاقوں میں پھنسے ہیں، انتظامیہ ان کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو اس کی گاڑی پر بھی پتھرا ؤکیا گیا۔