اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعبد القدیر خان نے پاکستان کو ناقابل تسخیربنایا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان، پاکستان کی بہت ہی اہم شخصیت تھے جنہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ وہ عظیم شخصیت ہے جس نے دنیا کا مقابلہ کرکے پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا۔ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتا ہوں۔ ا نہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفا عی نظام کی بڑی خدمت کی اوراس پر ان کو اعزاز بھی ملے اور انہیں نشان امتیاز اور ہلال پاکستان کے اعزازات سے نواز گیا۔ انسان نے ایک دن اللہ تعالیٰ کے پاس جانا ہے، پوری کوشش کی گئی تاہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان جانبر نہ ہوسکے اور اللہ تعالیٰ کو ایسے ہی منظور تھا، اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت کرے اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطاکرے۔