اسلام آباد،کراچی،لاہور،پشاور،کوئٹہ،مظفر آباد (مانند نیوز ڈیسک) ملک بھر میں سید المرسلین اور آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھر میں عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔پاک فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔کراچی سے لیکر خیبر اور گلگت سے گوادر تک عید میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں،  چھوٹے بڑے شہروں میں محافل  کا اہتمام کیا گیا جن میں حضور نبی کریمﷺ سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ عاشقان رسولﷺ نے اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کیا جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام نے خطاب کیا جن میں سیرت النبیﷺ بیان کی گئی۔جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ جلوس اور ریلیوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے۔ کراچی میں مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے۔جشن میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا۔علاوہ ازیں مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈل بھی   رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے،شاہراہوں پر سبز پرچموں کی بہار نظر آئی۔ملتان میں عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس دہلی گیٹ سے نکالا گیا، جس کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔فیصل آباد میں جشن عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس جامعہ مسجد جھنگ بازار سے برآمد ہوا جبکہ چوک گھنٹہ گھر میں 63 پاونڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔رحیم یار خان میں سرور کونین محمد مصطفی ﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے 700 پاونڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔گوجرانوالہ میں عید میلاد النبیﷺ پر ریلیوں اور جلوس کے شرکا کے لیے بادام، پستہ اور کاجو سے بنی 100 من کھیر کی دیگ تیار کی گئی۔جہلم، راجن پور، بہاولپور، بہاول نگر، کمالیہ، بورے والا، وہاڑی، میاں چنوں، حافظ آباد اور منڈی بہا الدین سمیت پنجاب بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔سکھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس درگاہ شیخ شہین روڈ سے نکالا گیا جبکہ حیدر آباد میں مختلف مقامات سے جشن عید میلادالنبیﷺ کے جلوس نکالے گئے۔ٹھٹھہ میں میرپورساکرو کی ساحلی پٹی پر ماہی گیروں نے لانچوں پر محفل میلاد منعقد کی ادھر ڈی آئی خان میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس تاج مسجد سے نکالا گیا۔بنوں، مردان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں بھی عاشقان رسولﷺ نے جشن عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام سے منایا۔رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت کے دن کی خوشی میں میرپور آزاد کشمیر بھمبر، نکیال، سماہنی اور دھیر کو ٹ سمیت آزاد کشمیر بھر جبکہ گلگت، استور، دیامر میں بھی جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے