سوات (مانند نیوز ڈیسک) علاقائی مسائل کے حل کے لئے عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ کررہے ہیں، مسائل کی نشاندہی اور حل میں عوامی رائے کو فوقیت حاصل ہے، آفیسرز کا تعلق کسی بھی محکمے سے ہو کام کی بجا آوری میں ایمانداری اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کریں، ڈبلیو ایس ایس سی سوات اگر عوامی مسائل حل نہ کرے تو عوام ڈیڈیک آفس میں مجھ سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں اور میرے آفس کے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں، کوشش ہے کہ عوامی مسائل کا حل عوامی امنگوں کے مطابق حل ہوں اور یہی وجہ ہے کہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے ذریعے مسائل جاننے اور موقع پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،چیئرمین ڈیڈیک سوات ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی کی واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی سوات کے آفس میں عوام کے ساتھ لائیو نشست میں اظہار خیال۔ چئیر مین ڈیڈیک نے سماجی ویب سائٹ اور ٹول فری نمبر پر براہ راست مسائل سنے اور حل کے لئے احکامات جاری کئے۔ عوام کی جانب سے فیس بک لائیو سیشن اور ٹول فری نمبر پر مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ نالیوں کی صفائی، جا بجا چوہوں کی موجودگی کے خلاف مہم تیز کرنے، روزمرہ صفائی کی مجموعی صورتحال میں بہتری، بعض جگہ فضلہ اکھٹا کرنے اور زیادہ دیر جمع رہنے سے بدبو کے مسائل کو حل کرنے، پانی کی فراہمی میں پائپ لائین بچھانے میں تاخیر دور کرنے، پینے کے پانی کی فراہمی کے اوقات کار میں وسعت لانے کے لئے عوام کی جانب سے تجاویز پیش کی گئی۔عوام کی جانب سے پانی کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کرنے پر چئیر مین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔